بوآؤ، ہائی نان (شِنہوا) چین کے وزیر اعظم لی چھیانگ نے جنوبی صوبہ ہائی نان کے علاقے بوآؤ میں بوآؤ فورم برائے ایشیا سالانہ کانفرنس 2023 میں شرکت کرنے والے چینی اور غیر ملکی کاروباری نمائندوں سے ملاقات کی ہے۔
نمائندوں کی تقاریر سننے کے بعد چینی وزیراعظم نے چین کی ترقی کے لئے ان کی توجہ ، تعاون اور مثبت کردار کو سراہا۔
لی نے کہا کہ غیرملکی مالی اعانت سے چلنے والے کاروباروں سمیت تمام اقسام کے کاروباری اداروں نے چین کی تیز رفتار اقتصادی ترقی اور طویل مدتی سماجی استحکام کا مشاہدہ کیا اور اس میں اپنا کردار ادا کیا ہے۔
لی نے اس امید کا اظہار کیا کہ تمام کاروباری افراد اعتماد بڑھانے اور توقعات کی بہتری میں قائدانہ کردارادا کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ مشکلات کے باوجود معاشی عالمگیریت کا تاریخی رجحان تبدیل نہیں ہوگا۔ چین کی معاشی ترقی کی ٹھوس بنیادیں ، اصلاحات اور کھلے پن کی عمومی سمت ، چین کی وسیع منڈی اور مکمل صنعتی نظام کی عظیم الشان قوت تبدیل نہیں ہوگی۔
لی نے کہا کہ چینی جدید یت کی سمت مسلسل پیشرفت دنیا بھر کے ممالک کے لئے مزید کاروباری مواقع اور ترقیاتی فوائد لائے گی اورعالمی معیشت میں بہت یقین پیدا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ چینی حکومت مختلف کاروباری اداروں کی ترقی کے لئے بہتر ماحول اور بہتر خدمات کی فراہمی جاری رکھے گی۔
چین اپنی میکرو پالیسی میں نسبتاً استحکام برقراررکھے گا، اعلی معیار کے بین الاقوامی اقتصادی اور تجارتی قوانین کو ہم آہنگ کرنے میں زیادہ سے زیادہ پہل کرے گا اور ایک عالمی معیار کے کاروباری ماحول کو فروغ دے گا جو منڈی اور قانون پر مبنی اور بین الاقوامیت کے تحت ہوگا۔
لی نے مزید نے کہا کہ چین نے ہمیشہ غیرملکی سرمایہ کاری کو راغب اور اسے استعمال کرنے کو بہت اہمیت دی ہے۔ چین مارکیٹ تک رسائی کو مزید آسان بنائے گا ، اعلی معیار کے آزاد تجارتی علاقوں کے عالمی نیٹ ورک کو وسعت دے گا اور بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کی اعلی معیار کی ترقی کو فروغ دینے میں ٹھوس پیشرفت کرے گا۔