ماسکو(شِنہوا) چین کے صدرشی جن پھنگ نے روسی صدر ولادیمیر پوتن کو رواں سال ہونے والے تیسرے بیلٹ اینڈ روڈ فورم برائے بین الاقوامی تعاون میں شرکت کے لیے چین کے دورے کی دعوت دی ہے۔
منگل کو روسی وزیر اعظم میخائیل میشوستن سے ملاقات کے دوران صدر شی نے کہا کہ انہوں نے صدر پوتن کو دورہ چین کی دعوت ان کے ساتھ ہونے والی غیر رسمی ملاقات میں دی۔
اس بات کا ذکر کرتے ہوئے کہ بیلٹ اینڈ روڈ تعاون دونوں ممالک کو جوڑنے میں اہمیت کا حامل ہے،صدر شی نے بتایا کہ پوتن نے اس سے قبل ہونے والے دو بیلٹ اینڈ روڈ فورمز میں شرکت کی تھی۔ چینی صدر نے کہا کہ یہ ایک تاریخی منطق ہے کہ چینی رہنما بیرون ملک دوروں کے لیے روس کا سب سے پہلے انتخاب کرتے ہیں ، انہوں نے مزید کہا کہ چین اور روس ایک دوسرے کے سب سے بڑے پڑوسی اور ہم آہنگ جامع اسٹریٹجک شراکت دار ہیں، اور یہ کہ اس طرح کے تعلقات نے دنیا میں آنے والی بڑی تبدیلیوں کے دوران ہرآزمائش کا مقابلہ کیا ہے۔
صدر شی نے چین اور روس کے وزراعظم کے درمیان مسلسل باقاعدہ ملاقاتوں پر بھی زور دیا، اور میشوستن کو چین کے دورے کی دعوت دی۔