کینبرا : آسٹریلیا کی حکومت نے کورونا وائرس سے ہونے والی معاشی تباہ کاریوں پر قابو پانے کیلئے فیصلہ کیا ہے کہ اب تمام افراد مشروط طریقے سے ملک میں داخل ہوسکتے ہیں۔
آسٹریلیا نے تقریباً دو سال تک اپنی سرحدیں بند رکھنے کے بعد ملک کو مکمل کورونا ویکسی نیشن لگوانے والے غیر ملکی سیاحوں کے لیے دوبارہ کھول دیا ہے۔
آسٹریلیا نے مکمل ویکسین لگوانے اور دنیا بھر کے آسٹریلین ویزے کے حامل افراد کو پیر کے روز سے ملک میں داخلے کی باقاعدہ اجازت دے دی ہے۔
ملک کے سب سے بڑے ہوائی اڈے سڈنی پر امریکہ، کینیڈا اور دیگر ممالک سے یکے بعد دیگرے پروازیں آئیں۔
آنے والے مسافروں کا کینگرو کے بھیس کا لباس پہنے ایک شخص نے استقبال کیا۔ بعض مسافر اپنے رشتہ داروں سے دوبارہ مل سکنے پر انتہائی خوش نظر آرہے تھے۔
سیاحت کے وزیر ڈین ٹیہان نے نامہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے یقین ظاہر کیا کہ آسٹریلیا کی سیاحت کی صنعت انتہائی تیزی کے ساتھ بحال ہو جائے گی۔
آسٹریلیا کی زیادہ تر ریاستیں ویکسین لگوا چکے مسافروں کے لیے قرنطینہ کی پابندی پہلے ہی ختم کر چکی ہیں۔