تبوک : محکمہ ٹریفک نے دو ٹائروں پر گاڑی چلا کر اسے فخریہ طور پر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے والے شہری کو گرفتار کرلیا ہے۔
سبق ویب سائٹ کے مطابق مذکورہ شخص کی ٹوئٹر پر ویڈیو وائرل ہوگئی تھی جس پر محکمہ ٹریفک نے کارروائی کی ہے۔
گزشتہ دِنوں سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں نوجوان کو ایک شاہراہ پر گاڑی کے خطرناک اسٹنٹس کرتے دکھایا گیا تھا۔
اس نوجوانوں کی خطرناک ڈرائیونگ کے باعث سڑک پر سے گزرنے والے دیگر ڈرائیوروں کو بھی ڈرائیونگ میں شدید دُشواری کا سامنا کرنا پڑرہا تھا اور اُن کی اپنی زندگی بھی خطرے میں محسوس ہو رہی تھی۔
پولیس نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو کا سختی سے نوٹس لیا اور فوری کارروائی کرتے ہوئے مذکورہ نوجوان کو حراست میں لے کر اس کیخلاف مقدمہ دائر کردیا۔
محکمے نے کہا ہے کہ ویڈیو میں نظر آنے والے شخص کی شناخت کرکے اسے ریکارڈ وقت میں گرفتار کرلیا ہے۔
ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر اس پر جرمانہ عائد کیا گیا ہے جبکہ اپنی اور دوسروں کی جان خطرے میں ڈالنے پر اس کی گاڑی ضبط کی گئی ہے اور ضوابط کے مطابق اسے سزا دی جائے گی۔