بریڈ فورڈ(کے ایم ایس) کشمیری رہنماﺅں ایک وفد نے برطانوی رکن پارلیمنٹ اور شیڈو وزیر ناز شاہ کا کشمیر کاز کی مسلسل حمایت پر شکریہ ادا کیا ہے۔
رکن آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی پروفیسر تقدیس گیلانی ،جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کے بانی چیئرمین راجہ نجابت حسین ،جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ کے سرپرست سردار عبدالرحمن خان، کونسلر اور برٹش مسلم ویمنز فورم یوکے کی چیئرپرسن سبیہ خان اور سابق کونسلر کنیز اختر پر مشتمل وفد نے ناز شاہ سے بریڈ فورڈ میں ان کے دفتر میں ملاقات کی۔
ملاقات میں تنازعہ کشمیر، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں خواتین کے حقوق اور آزاد کشمیر میں خواتین کو بااختیار بنانے اور ترقی سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر فیصلہ کیا گیا کہ ،جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل کی طرف سے یکم مارچ سے منائے جانے والے عالمی ہفتہ خواتین کے آغاز پر کل جماعتی کشمیر کانفرنس کا انعقاد کیا جائےگا۔ ناز شاہ کے تعاون سے ہاﺅس آف کامنز لندن میں منعقدہ کی جانے والی کانفرنس میں پروفیسر تقدیس گیلانی بھی شرکت کریں گی۔
راجہ نجابت حسین نے اس موقع پر کہا کہ جموں و کشمیر سیلف ڈیٹرمینیشن موومنٹ انٹرنیشنل یکم مارچ سے 11 مارچ تک دیگر تنظیموں اور تمام سیاسی جماعتوں کے کونسلرز کے تعاون سے برطانیہ کے مختلف شہروں میں متعدد سرگرمیوں کا انقاد کر ے گی۔ انہوں نے کشمیر کاز اور جے کے ایس ڈی ایم آئی کی ٹیم کی مسلسل حمایت پر ناز شاہ کاشکریہ ادا کیا۔