انقرہ (نیٹ نیوز )ترکیہ کے صدر طیب اردگان نے کہا ہے کہ سویڈن کو نیٹو کی رکنیت کے حصول کیلئے ہماری حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق سٹاک ہوم میں ہونے والے احتجاج کے دوران قرآن پاک کا نسخہ نذر آتش کیے جانے کے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے ترک صدر طیب اردگان نے کہا کہ سویڈن کو نیٹو کے لیے ہم سے حمایت کی توقع نہیں رکھنی چاہیے۔ترک صدر کا کہنا تھا کہ یہ واضح ہے کہ جن لوگوں نے ہمارے ملک کے سفارت خانے کے سامنے اس طرح کی حرکت کی وہ اب اپنی درخواست کے حوالے سے ہم سے کسی خیر خواہی کی توقع نہیں کر سکتے۔انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی مقدسین کی تذلیل کا حق نہیں ہے، جب ہم کچھ کہتے ہیں تو ایمانداری سے کہتے ہیں اور جب کوئی ہماری بے عزتی کرتا ہے تو ہم اسے اس کی جگہ پر رکھ دیتے ہیں۔خیال رہے کہ روس کے یوکرین پر حملے کے بعد سویڈن نے نیٹو میں شمولیت کے لیے درخواست دی تھی لیکن سویڈن کو اس کی منظوری کے لیے ترکی کی حمایت کی ضرورت ہے۔