نیویارک : امریکا نے چند روز میں روسی فوجیوں کی جانب سے یوکرین پر میزائل حملوں کا خدشہ ظاہر کردیا۔
ایک مرتبہ پھر امریکا اور روس ایک دوسرے کے خلاف صف آرا ہوگئے ہیں، امریکا نے یوکرین کے تنازع پر اتحادیوں کے ہمراہ روس کے خلاف محاذ تیار کرلیا ہے۔
امریکی مشیر برائے قومی سلامتی نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ روس آئندہ چند روز میں یوکرین پر میزائلوں سے حملہ کرسکتا ہے لیکن یہ نہیں پتہ کہ پیوٹن نے حملے کا فیصلہ کیا ہے یا نہیں۔
امریکا نے یوکرین پر ممکنہ حملے کے پیش نظر پولینڈ میں مزید تین ہزار فوجی بھیجنے کا اعلان کردیا ہے۔
دوسری جانب جرمنی، نے اعلان کیا ہے کہ اگر روس نے یوکرین پر حملہ کیا تو فرانس، امریکا اور جرمنی روس پر سخت پابندیاں عائد کریں گے۔
واضح رہے کہ امریکی صدر بائیڈن نے یوکرین پر روسی حملے کے پیش نظر امریکی شہریوں کو یوکرین سے فوری انخلا کا حکم دیا تھا جس کے بعد جاپان، برطانیہ اور نیدرلینڈز کی حکومتوں نے بھی اپنے اپنے شہریوں کو یوکرین چھوڑنے کی ہدایات جاری کی تھیں۔