سینٹوڈومینگو۔(نیوز ڈیسک):جمہوریہ ڈومینکن کے دارالحکومت سینٹو ڈومنگو میں نائٹ کلب کی چھت گرنے سے اموات کی تعداد بڑھ کر184ہو گئی۔شنہوا کے مطابق ڈومینیکن حکام نے اس بات کی تصدیق کرتےہوئے بتایا کہ جمہوریہ ڈومینکن کے دارالحکومت میں نائٹ کلب کی چھت گرنے سے اموات بڑھ کر184ہو گئی ہیں ۔ ایمرجنسی آپریشن سینٹر کے ڈائریکٹر جوآن مینوئل مینڈیز نے کہا کہ سہ پہر تین بجے کے بعد عمارت کے ملبے سے کوئی زندہ شخص نہیں ملا ہے۔ مقامی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں مونٹی کرسٹی صوبے کے گورنر نیلسی ملاگروس کروز بھی شامل ہیں۔ایمرجنسی سروسز نے زخمیوں اور لاپتہ افراد کے بارے میں معلومات حاصل کرنے میں اہل خانہ کی مدد کے لئے ایک ہاٹ لائن قائم کی ہے۔نائب کلب کی چھت گرنے کی وجہ جاننے کے لئے تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ منگل کی صبح دارالحکومت سینٹو ڈومنگو میں جیٹ سیٹ نائٹ کلب میں پارٹی کے دوران چھت گرنے کا حادثہ پیش آیا۔ مقامی میڈیا نے بتایا کہ اچانک بجلی بند ہونے کے بعد چھت گر گئی۔سینٹر آف ایمرجنسی آپریشنز کے ڈائریکٹر جوآن مینوئل مینڈیز نے بتایا کہ ریسکیو عملہ ملبے میں ممکنہ طور پر زندہ بچ جانے والوں کونکالنے کے لئے امدادی سرگرمیوں میں مصروف عمل ہے۔میڈیا کا کہنا ہے کہ جس وقت حادثہ پیش آیا کلب میں 500 سے 1000 کے قریب افراد موجود تھے۔ کلب میں 700 افراد کے بیٹھنے اور تقریباً ایک ہزار شرکا کے کھڑے ہونے کی گنجائش ہے۔فوری طور پر یہ معلوم نہیں ہو سکا کہ چھت کے گرنے کی وجہ کیا تھی ۔کلب انتظامیہ نے بیان میں کہا کہ وہ حکام کے ساتھ تعاون کر رہی ہے۔بیان میں بتایا گیا ہے کہ کلب کے مالک انتونیو ایسپیلیٹ ملک سے باہر تھے جو منگل کی رات واپس پہنچے ۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کی وجہ سے جو تکلیف ہوئی ہے اسے بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ، جو کچھ ہوا وہ سب کے لئے تباہ کن ہے۔