مناما ( نیوز ڈیسک)رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں میں ایک افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں بحرین میں مقیم پاکستانی نوجوان کو سجدے کی حالت میں بے دردی سے قتل کر دیا گیا۔ مقتول کا تعلق گلگت بلتستان کے ضلع کھرمنگ (غویس) سے تھا، اور وہ اپنے کمرے میں نماز ادا کر رہا تھا جب یہ اندوہناک حملہ ہوا۔تفصیلات کے مطابق، نوجوان سحری کے بعد عبادت میں مشغول تھا کہ اچانک پیچھے سے ایک شخص نے اینٹ سے حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ اطلاعات کے مطابق، قاتل ایک ہندوستانی نژاد ملازم تھا جو مقتول کے ساتھ رہائش پذیر تھا۔مقامی پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کر لیا۔ ابتدائی تفتیش کے دوران ملزم نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کر لیا ہے، جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔یہ سانحہ ہر دردمند دل کو جھنجھوڑ دینے والا ہے، خصوصاً رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں جب مسلمان روحانی پاکیزگی کی کوششوں میں مصروف ہوتے ہیں۔ مقتول کے اہل خانہ اور جاننے والوں پر یہ سانحہ قیامت بن کر ٹوٹا ہے، جبکہ پاکستانی کمیونٹی نے واقعے پر شدید غم و غصے کا اظہار کیا ہے۔