اوٹاوا۔(نمائندہ خصوصی)کینیڈا کی وزیر خارجہ میلانیا جولی نے اپنے ملک میں بھارت کے سفارت کاروں کو متنبہ کیا ہے کہ کینیڈا اپنی سرزمین پر مزید کسی مجرمانہ سرگرمی کو برداشت نہیں کرے گا۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ انتباہ رواں ہفتے کے شروع میں چھ بھارتی سفارت کاروں کی ملک بدری کے بعد جاری کیا گیا ہے جب کینیڈا کی پولیس نے کہا تھا کہ نئی دہلی کے حکم پر کینیڈا میں ایجنٹوں کے ہاتھوں قتل اور بھتہ خوری کے کافی ثبوت موجود ہیں۔کینیڈا کے علاقے برٹش کولمبیامیں18جون 2023کو سکھ کارکن ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث قراردیے جانے کے بعدبھارتی ہائی کمشنر کو کینیڈا سے نکال باہر کیا گیا تھا۔میلانیا جولی نے کہا کہ شواہد سے پتہ چلتا ہے کہ نئی دہلی نے کینیڈا میں جرائم پیشہ افراد کو پرتشدد کارروائیوں کے لیے استعمال کیا ہے جن میں بھارت میں سکھ ریاست قائم کرنے کے خواہشمند سکھ رہنمائوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔میلانیاجولی نے مونٹریال میں ایک نیوز کانفرنس میں کہا کہ یقینی طور پر ایک خطرہ تھا اور اسی وجہ سے رائل کینیڈین مائونٹڈ پولیس نے اس حقیقت کو عام کرنے کا غیر معمولی اقدام اٹھایا کہ کینیڈین شہریوں کو ڈرایا دھمکایا جا رہا ہے، بھتہ خوری کا نشانہ بنایا جا رہا ہے یا انہیں قتل کی دھمکیاں دی جا رہی ہیں کیونکہ بھارتی ایجنٹ اور سفارت کار ان مجرمانہ کارروائیوں میں ملوث ہیں۔