نئی دہلی(مانیٹرنگ ڈیسک) بھارت میں موٹر سائیکل پر ورلڈ ٹور کرنے والی ہسپانوی خاتون کو شوہر کے سامنے 8 افراد نے اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنادیا۔جمعہ کی رات دیر گئے ایک 28 سالہ ہسپانوی خاتون سیاح کو اس وقت گینگ ریپ کا نشانہ بنایا گیا جب وہ اپنے شوہر کے ساتھ شہر سے دور ایک پرسکون جگہ پر خیمہ لگا کر سو رہی تھیں۔دونوں موٹر سائیکل پر بھارت کے سفر پر تھے اور رات ہونے پر آرام کی غرض سے خیمہ زن ہوئے تھے۔ کچھ دیر بعد جب خاتون خیمے سے باہر آئیں تو چھ سات لوگوں نے انہیں پکڑ لیا اور کچھ فاصلے پر لے جا کر ان کے ساتھ زیادتی کی اور فرار ہوگئے۔بھارتی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ جمعہ کی رات بھارتی ریاست جھارکھنڈ کے ضلع ڈمکا میں پیش آیا جہاں یہ جوڑا ایک خیمے میں رات گزارنے کے لیے رکا تھا۔ 8 ملزمان نے خاتون سے اجتماعی زیادتی کی اور اس کے شوہر کو زدوکوب کیا،
بعد ازاں ان کا سامان اور رقم لے کر فرار ہوگئے۔ٹائمز آف انڈیا کو پولیس نے بتایا کہ متاثرہ خاتون اپنے شوہر کے ہمراہ رات 11 بجے کے قریب گشت پر مامور پولیس وین تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی جسے علاج کے لیے مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاتون اور اس کے شوہر نے کرماہاٹ کے قریب ایک جنگلاتی علاقے میں کیمپ لگایا تھا، واقعے کی اطلاع ملتے ہی فوری کارروائی کی گئی۔پولیس کے مطابق انہوں نے گینگ ریپ کے الزام میں تین افراد کو حراست میں لے لیا ہے اور مزید مشتبہ افراد کی تلاش جاری ہے جنہیں جلد گرفتار کرلیا جائے گا۔