ممبئی( نیوز ڈیسک )بھارتی اسٹار کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کے ہاں بیٹے کی پیدائش ہوئی ہے۔ ویرات کوہلی اور انوشکا شرما نے سوشل میڈیا پر بیٹے کے والدین بننے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے پیغام میں ویرات کوہلی نے بتایا کہ 15 فروری کو ہمارے ہاں لڑکے کی پیدائش ہوئی۔ انہوں نے اپنے بیٹے کا نام بتاتے ہوئے تحریر کیا کہ وامیکا کے چھوٹے بھائی ’اکے‘ کی پیدائش پر ہم بہت خوش ہیں۔ اس خوبصورت وقت میں آپکی نیک خواہشات کی امید کرتے ہیں۔ویرات کوہلی نے چاہنے والوں سے پرائیویسی کا خیال رکھنے کی بھی درخواست کی ہے۔ خیال رہے کہ ویرات کوہلی نجی مصروفیات کی وجہ سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے دستبردار ہوئے تھے۔