نئی دہلی(نیوز ڈیسک):ایک رپورٹ کے مطابق بھارت میں 2024میں نفرت انگیز تقاریر میں حیرت انگیز طور پر 270فیصد اضافہ دیکھا گیا، ان تقاریر میں سے تقریبا 89.3فیصد ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی اوروزراء سمیت منتخب نمائندوںنے کیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ رپورٹ ممبئی میں قائم ایک تنظیم ”سینٹر فار اسٹڈی آف سوسائٹی اینڈ سیکولرازم ”نے مرتب کی ہے جو مساوات، شمولیت اور امن کو فروغ دینے کے لئے کام کررہی ہے اور ریاستی پالیسیوں کا تنقیدی جائزہ لے رہی ہے ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ تنظیم نے انڈین ایکسپریس ،ٹائمز آف انڈیا، دی ہندو، انقلاب اور صحافت جیسے معروف اخبارات کے ممبئی ایڈیشنوں میں شائع ہونے والی خبروں کا تجزیہ کیا۔ مجموعی طور پر2024میں نفرت انگیز تقاریر کے 122واقعات رپورٹ ہوئے جو 2023میں ریکارڈ کیے گئے 33واقعات سے کہیں زیادہ ہے۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ 122نفرت انگیز تقاریر میں سے تقریبا ایک تہائی یعنی تقریبا 33فیصد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے خود کی ہیں۔ ان میں سے 117(96فیصد)میں مسلمانوں کو نشانہ بنایاگیا۔ اس کے مقابلے میںتین تقاریر( (2.45فیصد کا رخ ہندوئوں کی طرف تھا اور ایک ایک( 0.8 )فیصدمیں دلتوں اور سکھوں کو نشانہ بنایاگیا۔رپورٹ میں 2024کے عام انتخابات اور ہریانہ، جھارکھنڈ اور مہاراشٹر جیسی اہم ریاستوں میں ریاستی اسمبلی کے انتخابات کو نفرت انگیز تقایر میں اضافے کے بنیادی عوامل قراردیاگیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ زیادہ تر نفرت انگیز تقاریر انتخابی مہموں اور سیاسی جلسوں کے دوران کی گئیں۔اہم بات یہ ہے کہ 122میں سے 109نفرت انگیز تقاریر تقریبا 89.3فیصد منتخب نمائندوں نے کی ہیںجن میں اراکین پارلیمنٹ، اراکین اسمبلی، ریاستی کابینہ کے وزرائ، مرکزی وزرا ء اور خود وزیر اعظم شامل ہیں۔ ایک نفرت انگیز تقریر خاص طور پر ہائی کورٹ کے ایک موجودہ جج نے کی۔ رپورٹ میں کہاگیا کہ122میں سے زیادہ تر تقاریریعنی 109 بھارتیہ جنتا پارٹی کے رہنمائوں نے کیں جو مجموعی تقاریر کا 89.3فیصد ہیں۔ رپورٹ کے مطابق 122نفرت انگیز تقاریر میں سے 40یعنی 32.7فیصدوزیر اعظم نریندر مودی نے خودکیں، اس کے بعد وزیر داخلہ امیت شاہ نے 15تقاریرکیں۔ اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ اور آسام کے وزیر اعلیٰ ہمانتا بسوا سرما نے بارہ بارہ نفرت انگیز تقاریر کیں جبکہ مہاراشٹر کے اس وقت کے نائب وزیر اعلیٰ دیویندر فڑنویس نے پانچ نفرت انگیز تقاریر کیں۔ان رہنمائوں نے مل کر 122میں سے 84یعنی تقریبا 68.5فیصدتقاریر کیں۔رپورٹ کے مطابق مہاراشٹر کے بی جے پی رکن اسمبلی نتیش رانے نے نو نفرت انگیز تقاریر کیں۔