نئی دہلی:(نمائندہ خصوصی)بھارت کی وزارت داخلہ نے منی پور اور اروناچل پردیش اور ناگالینڈ کے مختلف علاقوں میں کالے قانون آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ (AFSPA)کے نفاذمیں چھ ماہ کی توسیع کردی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق منی پور میںآرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کو پانچ اضلاع کے 13پولیس اسٹیشنوں کے سوا پوری شورش زدہ ریاست میں توسیع دی گئی ہے۔بھارتی وزارت داخلہ کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ناگالینڈ کے آٹھ اضلاع اور پانچ دیگر اضلاع کے 21تھانوں کے تحت آنے والے علاقوں میں کالے قانون کے نفاذ کو چھ ماہ کی توسیع دی گئی ہے۔یکم اپریل سے اروناچل پردیش کے تیرپ، چانگ لانگ اور لونگڈنگ اضلاع اور ریاست کے نامسائی ضلع کے تین پولیس اسٹیشنوں کے تحت آنے والے علاقوں میں بھی اس قانون کو چھ ماہ کے لیے بڑھا دیا گیا ہے۔آرمڈ فورسز اسپیشل پاورز ایکٹ کے تحت جو ایک کالے قانون کے طور پر اکثر وبیشتر تنقیدکی زد میں رہتا ہے، شورش زدہ علاقوں میں تعینات مسلح افواج کو بے پناہ اختیارات حاصل ہوتے ہیں اوروہ آپریشن کے دوران کسی بھی شخص کو گرفتار کرسکتے ہیں اورگولی مارکر قتل کرسکتے ہیں اوران سے کسی قسم کی کوئی پوچھ گچھ نہیں کی جاسکتی۔ بھارتی حکومت نے رواں سال13فروری کو منی پور میں صدر راج نافذ کر دیا گیا تھا۔