نئی دہلی(نیوز ڈیسک): بھارتی مصنف، صحافی اور بلاگر دنیش کے ووہرا نے اعتراف کیا ہے کہ بھارت کی خفیہ ایجنسی” ریسرچ اینڈ اینالیسس ونگ“(را) وزیر اعظم کے دفتر کی براہ راست نگرانی میں کام کرتی ہے اور وہ پاکستان کے اندر قتل و غارت میں ملوث ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ووہرا نے اپنے تازہ ترین بلاگ میں کہا کہ” را“ قومی سلامتی کے مشیر اجیت ڈوول کی ذاتی نگرانی میں پاکستان کے اندر قتل کے لیے دبئی میں مقیم کارندوں کا استعمال کرتی ہے۔انہوں نے امریکی کمیشن برائے بین الاقوامی مذہبی آزادی (یو ایس سی آئی آر ایف) کی تازہ ترین رپورٹ کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس رپورٹ میں کھل کر بھارتی حکومت کو نشانہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ بھارتی حکومت مذہبی عدم برداشت کے الزامات کی تردید کرتی ہے لیکن یہ حقیقت عالمی سطح پر اچھی طرح سے معلوم ہے کہ بھارت میں اقلیتیں بری طرح متاثر ہیں۔ووہرا نے منی پور میں 24 گرجا گھروں کو نذر آتش کرنے اور عیسائی کوکی برادری کو نشانہ بنائے جانے کی کارروائیوں کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ مذہبی اقلیتوں کو منظم طریقے سے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سفاکانہ ”بلڈوزر پالیسی “ کے ذریعے مسلمانوں کو نشانہ بنایاجا رہا ہے۔ سپریم کورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ان کے گھروں کو مسمار کر دیا جاتا ہے۔وہرا نے کہا کہ ”را“ پر پابندی کے حوالے سے یو ایس سی آی آر ایف کی سفارشات ایجنسی کے بیرون ملک قتل میں ملوث ہونے کی وجہ سے اب ایک انتہائی سنگین معاملہ ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کینیڈا میں سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کا قتل اور امریکہ میں گروپتونت سنگھ پنون کے قتل کی کوشش را کی بیرون ملک کارروائیوں کا ایک بڑا ثبوت ہے۔