نئی دہلی(نیوز ڈیسک):بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع سہارنپور میں ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں بی جے پی کے مقامی رہنما نے اپنے تین بچوں کو بے رحمی سے گولیاں مار کر قتل اوربیوی کوشدید زخمی کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق زخمی خاتون کو ہسپتال میں داخل کرایا گیا ہے جہاں اس کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ سہارنپور کے علاقے سانگا ٹھیڈا میں بی جے پی کے ضلع یووا مورچہ کے سابق نائب صدر اور حال میں ضلع ایگزیکٹیو کے رکن یوگیش روہلا نے اپنے لائسنس یافتہ ریوالور سے اپنی40سالہ اہلیہ نیہا، 11سالہ بیٹی شردھا، 6سالہ بیٹے دیوانش اور5سالہ شیوانش کو گولی مار دی۔ گولی لگنے کے بعد شردھا کی موقع پر ہی موت ہو گئی۔پولیس واقعے کی اطلاع ملتے ہی جائے وقوعہ پر پہنچی اور دونوں زخمی بیٹوں اور خاتون کو علاج کیلئے ضلع اسپتال میں داخل کروایا۔ اسپتال میں علاج کے دوران شیوانش اور دیوانش کی موت ہو گئی جبکہ ان کی ماں نیہا کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولیس نے یوگیش روہلا کو گرفتار کر لیا ہے۔واقعے کے بارے میں ایس ایس پی سہارنپور نے بتایا کہ ملزم نے فون پر اطلاع دی کہ اس نے اپنی بیوی اور بچوں کو گولی مار دی ہے۔ اسے اپنی بیوی کے کردار پر شبہ تھا، اس لئے اس نے چاروں کو گولی مار دی۔