نئی دہلی۔(نمائندہ خصوصی):بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں پاکستان کے ہائی کمیشن نے قرارداد لاہور کی یاد میں ایک تقریب کا اہتما م کیا ۔ اس موقع پ پاکستانی ثقافت کے تنوع کو اجاگر کیا گیا اور انواع و اقسام کے پاکستانی کھانے پیش کئے گئے۔عظیم الشان تقریب میں سیاسی شخصیات، سفارتکاروں، تاجروں، میڈیا کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے ارکان سمیت مہمانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامورسعد احمد وڑائچ نے چانسری کے لان میں مہمانوں کا استقبال کیا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ 23 مارچ 1940ء کی لاہور کی اہم قرارداد برصغیر کے مسلمانوں کے لئے امید کی کرن تھی جس نے تحریک پاکستان کا آغاز کیا اور بعدازاں قائداعظم محمد علی جناح کی متحرک اور ولولہ انگیز قیادت میں پرامن اور جمہوری جدوجہد کی تکمیل کے نتیجہ میں پاکستان قائم ہوا۔ پاکستانی ہائی کمیشن کے ناظم الامو رنے کہا کہ پاکستان نے قائد کے جدید، ترقی پسند اسلامی فلاحی ریاست کے وژن میں نمایاں پیش رفت کی ہے۔آج ہمارے متحرک نوجوانوں ، متحرک سول سوسائٹی اور آزاد میڈیا نے آگے بڑھنے کے قوم کے عزائم کو مہمیز دی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی عالمی امن و سلامتی اور اجتماعی فلاح و بہبود اور بین الاقوامی تعاون کو فروغ دینے کے لازوال نظریے پر قائم ہے۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان نے مستقل برابری، باہمی احترام اور پرامن بقائے باہمی کے اصولوں پر مبنی دیگر ریاستوں کے ساتھ دوستانہ تعلقات کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس اصلاحی نقطہ نظر نے بھارت کے ساتھ پرامن تعلقات کے حصول کی ہماری جدوجہد کی بھی رہنمائی کی ہے۔انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا، ہمارا مشترکہ گھر ہے، اس کو مستحکم امن، مساوی سلامتی اور مشترکہ خوشحالی کے ساتھ آگے بڑھنا چاہیے۔اس مقصد کے لئے ایک تعمیری جذبے کی ضرورت ہے جو مشترکہ حل کے لئے مشترکہ کوششوں کو ترجیح دے اور جبری نتائج مسلط کرنے کی کوشش نہ کرے۔ انہوں نے کہا کہ باہمی مسائل کے حل کے لئے سفارت کاری کا راستہ پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہے ۔باہمی افہام و تفہیم کو بڑھانے، مشترکہ خدشات کو دور کرنے اور جموں و کشمیر سمیت دیرینہ تنازعات کے حل سے پاک بھارت تعلقات میں ایک نئی صبح طلوع ہو سکتی ہے۔اس تقریب میں پاکستانی ثقافت کے دلکش رنگوں کو پیش کیا گیا ۔ اس موقع پر نامور مصوروں کے فن پاروں کی نمائش کی گئی اورمعزز مہمانوں کو روایتی پاکستانی کھانے پیش کئے گئے۔