نئی دلی:(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست پنجاب میں پولیس اہلکاروں نے فوج کے حاضر سروس کرنل اور اس کے بیٹے کوتشدد کا نشانہ بنایا ہے ۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پنجاب کے شہر پٹیالہ میں 13مارچ کو پارکنگ کے تنازع پر پولیس اہلکاروں نے فوجی کرنل پشپندر بھات کو اپنی گاڑی ہٹانے کا کہا جس پر نئی دلی ہیڈ کوارٹر میں تعینات کرنل نے پولیس اہلکاروں کے لہجے پر اعتراض کیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق پولیس اہلکاروں نے بھارتی فوج کے حاضر سروس کرنل بھات اور اسکے بیٹے انگد سنگھ کو گاڑی سے اتار کر شدید تشدد کا نشانہ بنایا جس کی ویڈیوسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سادہ کپڑوں میں ملبوس بھارتی پولیس اہلکار کرنل اوراسکے بیٹے کو گاڑی سے نیچے اتار کر لاتیں اور تھپڑ ماررہے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعے کی اطلاع پر 12پولیس اہلکاروں کو معطل کر کے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔