جے پور:(نیوز ڈیسک)بھارتی ریاست راجستھان کے ضلع دوسا میں ایک 25سالہ دلت طالب علم کو ہولی کے موقع پر رنگ لگانے سے انکار پرانتہاپسند ہندوئوں نے وحشیانہ تشدد کا نشانہ بنایا اور گلا گھونٹ کر قتل کردیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق متاثرہ دلت طالب علم ہنس راج مینا رلواس گائوں میں ایک پبلک لائبریری میں مقابلے کے امتحانات کی تیاری کر رہا تھا جب ہندو انتہاپسندوں نے اس پر حملہ کیا ۔ اطلاعات کے مطابق ہنس راج نے اشوک، ببلو اور کالورام کو رنگ لگانے سے روکا جس پر تینوں نے مشتعل ہو کراس پر وحشیانہ تشدد شروع کر دیا اور گلا گھونٹ کر اسے قتل کردیا۔لائبریری کی سی سی ٹی وی فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ جیسے ہی ہنس راج نے ملزمان کوخود پر رنگ پھینکنے سے روکا۔ تینوں نے اسے ٹھڈے مارے اور بیلٹ سے تشدد کیا اورگلا دبا کر قتل کردیا۔ہنس راج کے قتل پر اسکے اہلخانہ سمیت گائوں والوں نے زبردست احتجاج کیااور ہائی وے پر ٹریفک بلاک کر دی ۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس لالسوٹ کے دنیش اگروال کے مطابق سی سی ٹی وی فوٹیج کے ذریعے ملزمان کی شناخت کر لی گئی ہے اور انکی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جارہے ہیں ۔