لکھنو(نیوز ڈیسک): بھارتی ریاست اترپردیش میں حکام نے ہولی کے موقع پر کم از کم چار اضلاع میں189مساجد کو ترپالوں سے ڈھانپ دیاتھا تاکہ ان کو ہندو جنونیوں کے حملوں سے بچایا جا سکے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتاز مسلمان علما ء سے کہا گیا تھا کہ وہ 18اضلاع میں نماز جمعہ کو دوپہر 2بجے تک ملتوی کر دیں تاکہ ممکنہ تصادم سے بچا جا سکے۔یوپی کے ڈی جی پی پرشانت کمار نے حکام کو حساس علاقوں میں اضافی پولیس اور پیراملٹری فورسز کو تعینات کرنے کی ہدایت کی تھی۔ صرف بریلی میں109مساجد کوڈھانپا گیا تھا اور رام برات کے راستے پر سکیورٹی کے 5ہزار اہلکار تعینات کئے گئے تھے۔ شاہجہاں پور میں67مساجد کو ڈھانپا گیاتھا۔سنبھل میں جسے شاہی جامع مسجد پر جاری قانونی کارروائی کی وجہ سے انتہائی حساس علاقہ قراردیا گیا تھا، پیراملٹری فورسز کے ذریعے چوبیس گھنٹے نگرانی کی جارہی تھی۔حکام نے متھرا، ایودھیا، بنارس، میرٹھ اور مظفر نگر سمیت متعدد اضلاع میں نگرانی کے لیے سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے تھے، رکاوٹیں کھڑی کی تھی اور ڈرون کا استعمال کیا تھا۔