امپھال:(نیوز ڈیسک )بھارت کی شورش زدہ ریاست منی پور میں مسلسل تشدد کے باعث کرفیو نافذ کر دیا گیا اور انٹرنیٹ سروسز معطل کر دی گئیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق وادی امپھال میں میتی قبیلے کے اکثریتی اضلاع میں مظاہرین کی طرف سے ہنگامہ آرائی کے بعد حکام نے آج سخت کرفیو نافذ کر دیا ۔ لوگوں نے چھ لاشیں برآمد ہونے پر احتجاجی مظاہرے شروع کئے۔ لاشوں کے بارے میں کہاجارہا ہے کہ یہ ان لوگوں کی ہیں جن کوبھارتی پیراملٹری فورسزنے 7نومبر کو ضلع جیری بام میں اغوا کیاتھا۔مظاہرین خاص طور پر خواتین نے امپھال میں کچھ ارکان اسمبلی کے گھروں پر حملہ کیا، ٹائر جلاکر سڑکیں بند کردیں اور اغواکاروں اورقاتلوں کے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا۔ایک سرکاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ کرفیو تاحکم ثانی نافذ رہے گا۔ منی پور کے متاثرہ اضلاع میں انٹرنیٹ سروسز بھی معطل کر دی گئیں۔