نئی دہلی (نمائندہ خصوصی)بھارت میں دیوالی کے موقع پر آتش بازی کی وجہ سے دارالحکومت نئی دلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نئی دلی میں پابندی کے باوجود دیوالی کے دوران لوگوں نے بڑے پیمانے پر آتش بازی کی جس سے فضائی آلودگی میں بڑی حد تک اضافہ ہوا۔ایئر کوالٹی انڈیکس 348تک ریکارڈکیاگیا جس سے بھارتی دارالحکومت نئی دلی دنیا کا آلودہ ترین شہر بن گیا ۔دلی میں ہوا کے معیار میں کمی کی وجہ سے شہر میں دھند چھائی رہی اورشہری ماسک پہن کر آلودگی سے بچنے کی کوشش کرتے رہے ۔شمالی بھارت میں کھیتوں میں فصلوں کی باقیات جلانے کی وجہ سے بھی ہوا کے معیار میں مزید کمی واقع ہوئی ہے۔تہوار کے دوران ہونے والی آتش بازی ہر سال بھارت میں فضائی آلودگی کی سطح کو مزید بگاڑ دیتی ہے، صوبائی حکومتوں نے دیوالی اور موسمِ سرما میں آتش بازی پر پابندی لگانے کا فیصلہ کیا تھا۔پابندی کی خلاف ورزی پر سزاکے اعلانات کے باوجود ہندوئوں کی بڑی تعدادنے دیوالی پر آتش بازی کی جس سے متعدد مقامات پر آتشزدگی کے واقعات بھی رونماہوئے۔