نئی دلی:(نیوز ڈیسک )
بھارت میں ہندو توا سوامی ملعون یتی نر سنگھا نند نے ایک مرتبہ پھر آنخصور ﷺ کی شان اقدس میں گستاخانہ بیان دیا ہے۔ ملعون کے توہین آمیز بیان کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا ہے جو کروڑوں مسلمانوں کی دل آزاری کا باعث بنا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق متنازعہ سوامی نہ صرف مسلمانوں کے خلاف اکثر زہر اگلتا رہتا ہے بلکہ پیغمبر اسلام ﷺ کی شان اقدس میں توہین آمیز بیان بازی کے ذریعے مسلمانوں کو تکلیف پہنچاتا رہتا ہے۔ مودی حکومت نے سوامی کو توہین آمیز بیانات کی کھلی چھوٹ دے رکھی ہے اور مسلمانوں کے مطالبات کے باوجود اسکے خلاف کوئی کارروائی نہیں کر رہی۔
دریں اثنا جمعیت علماءہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے سوامی کے تازہ بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے وزیر داخلہ امیت شاہ کو اس حوالے سے ایک خط لکھا ہے اور ملعون سوامی کیخلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ادھرشنل کانفرنس کے رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن روح اللہ مہدی نے ایک بیان میں ہندو ملعون کے بیان کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ بے ہودہ تقریر بھارت میں اسلامو فوبیا اور مسلم نفرت کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اس ملعون کے خلاف مقدمہ درج نہیں کیا جائے گا اور نہ ہی اسے گرفتار کیا جائے گا، کیونکہ بی جے پی اسی طرح کا بھارت چاہتی ہے۔