کولکتہ:(مانٹرنگ ڈیسک )بھارتی ریاست مغربی بنگال کے شہر کولکتہ میں ایک مظاہرے کے دوران مقبوضہ کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے لگانے پرپولیس نے مقدمہ درج کرلیاگیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کولکتہ میں گزشتہ ماہ ایک ہسپتال میں ٹرینی ڈاکٹر کی عصمت دری اور قتل کے خلاف کئے گئے مظاہرے کے دوران مظاہرین نے کشمیر کی بھارتی تسلط سے آزادی کے حق میں نعرے لگائے ۔مظاہرے اور نعروں کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے ۔ کولکتہ پولیس نے نعرے لگانے پر نامعلوم افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ پولیس نے تعزیرات ہند کی دفعات 152اور285کے تحت مقدمہ درج کیا ہے جو بھارت کی خودمختاری، اتحاد اورسا لمیت کو خطرے میں ڈالنے سے متعلق ہیں۔واضح رہے کہ بھارت نے جموں وکشمیر پر غیر قانونی طورپر قبضہ کر رکھا ہے اور اگست 2019میں مودی حکومت نے اپنے آئین کی دفعہ370کو منسوخ کر کے اسکی خصوصی حیثیت منسوخ کر دی تھی ۔