امپھال:(مانٹرنگ ڈیسک )شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور میں تشدد کا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔ ریاست کے چوڑا چاند پور اور بشنور اضلاع کے درمیان پہاڑی علاقے میں مسلح افراد نے ایک باپ اوربیٹے سمیت چار دیہاتیوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بشنوپور کے گاﺅں اکا سوئی کے رہائشی چار افراد شدید ٹھنڈ میں آگ جلانے کیلئے لکڑی اکھٹا کرنے قریبی جنگل میں گئے تھے کہ نامعلوم مسلح افراد نے انہیں اغوا کر نے کے بعد تشدد کر کے قتل کر دیا۔ ان چار افراد میں ایک باپ بیٹا بھی شامل ہیں۔ نقاب پوش مسلح افراد نے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کیے گئے اپنے ویڈیو بیان میں ان لوگوں کے قتل کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔انڈین نیشنل کانگریس نے منی پور میں پیش آنے والے چار افراد کے قتل کے اس تازہ واقعے پر مودی حکومت کو ایک مرتبہ پھر کڑی تنقید کا نشانہ بنا یا ہے۔ کانگریس نے سماجی رابطوںکی سائٹ ’ایکس ‘ پر لکھا کہ ”منی پور میں آٹھ ماہ سے زائد عرصے سے تشدد جاری ہے ، گزشتہ گیارہ دنوں میں آٹھ افراد قتل کیے گئے لیکن وزیر اعظم مودی کو اس سے کچھ فرق نہیں پڑتا “۔دریں اثنامنی پور کی وادی امپھال میں قائم ایک پاور سٹیشن سے کثیر مقدار میں فیوئل(ایندھن) لیک ہونے سے قریب بہنے والی ایک ندی متاثر ہوئی ہے جس سے لوگوں کی زندگی کو شدید خطرہ لاحق ہو گیا ہے ۔ انہیں پینے کے پانی کا مسئلہ درپیش ہواہے ۔ مذکورہ ندی علاقے کی لائف لائن سمجھی جاتی ہے ۔ یہ واقعہ بدھ کی شپ پیش آیا ہے ۔