نئی دلی:بھارت میں کانگریس پارٹی کے رہنما اور لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی شناخت کی بحالی کا مطالبہ دوہراتے ہوئے کہا ہے کہ جموں وکشمیر کا انتظام نئی دلی سے چلانے کاکوئی مطلب نہیں ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق راہل گاندھی نے ان خیالات کا اظہار مقبوضہ علاقے کے دورے کے دوران کشمیری خواتین کے ساتھ گفتگو میں کیا۔راہل گاندھی نے گزشتہ ہفتے جموں و کشمیر کا دورہ کیاتھا ، انکے دورے کی ایک ویڈیو پارٹی نے پیر کو جاری کی ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کسی کی بات نہیں سنتے۔ انہوں نے کہاکہ ان کا ہر اس شخص کے مسئلہ ہے جو شروع سے ہی یہ مانتا ہے کہ وہ صحیح ہے۔ویڈیو میں راہل گاندھی نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں ہونے والے انتخابات کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کی تاریخ میں پہلی بار کسی ریاست سے اسکی ریاستی شناخت چھیننے کے بعد الیکشن کرانے کا اعلان کیاگیاہے ۔کانگریس پارٹی کے یوٹیوب چینل پر جاری کی گئی ویڈیو کے ساتھ راہل گاندھی کا ایک پیغام بھی پوسٹ کیاگیاہے جس کے مطابق راہل گاندھی نے کشمیر کے دورے کے دوران سرینگر میں کشمیری طالبات سے بھی ملاقات کی اور انکی توقعات اورانہیں درپیش چیلنجوں کے بارے میں آگاہی حاصل کی اورطالبات نے بھارت میں خواتین کی سلامتی اور تحفظ کے بارے میں اپنے تحفظات کے بارے میں انہیں بتایا۔اس موقع پر جموں و کشمیر میں آئندہ اسمبلی انتخابات اور کشمیریوں کی حقیقی نمائندگی پر اس کے اثرات پر بھی غور کیاگیا ۔ راہل گاندھی نے جموں و کشمیر کے ریاست کے درجے کی بحالی اور کشمیریوں کے حقوق نمائندگی سے متعلق اپنا موقف پیش کیا ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیرمیں آزادی صحافت کی اہمیت پر بھی زور دیا۔