چنائی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست تامل ناڈو میں نیشنل کیڈٹ کورکیمپ میں 13طالبات کوآبروریزی کا نشانہ بنایاگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے میڈیا کو بتایا ہے کہ ریاست کے ضلع کرشنا گری کے ایک پرائیویٹ سکول کے پرنسپل اور دو اساتذہ سمیت 11 افراد کو جعلی نیشنل کیڈٹ کورکیمپ منعقد کرنے اورکیمپ 13طالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔اسکول کے احاطے میں لگائے گئے کیمپ کے منتظم کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ ضلع کے سپرنٹنڈنٹ آف پولیس، پی تھنگادورائی نے میڈیا کو بتایاکہ سکول کے این سی سی کیمپ میں ایک لڑکی کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی اور کم سے کم مزیدایک درجن طالبات کی آبروریزی کی گئی ۔انہوں نے کہا کہ اسکول انتظامیہ کوطالبات کے ساتھ جنسی زیادتی کا علم تھا لیکن انہوں نے پولیس کو اطلاع دینے کے بجائے معاملے کو دبانے کی کوشش کی ۔پولیس کی تفتیش میں بتایا گیا ہے کہ جس پرائیویٹ اسکول میں کیمپ لگایا گیا تھا، وہاں این سی سی یونٹ موجود ہی نہیں تھا۔ ایک گروپ نے اسکول انتظامیہ سے رابطہ کر کے اسے این سی سی کیمپ کے انعقاد کی ترغیب دی ۔ سکول میں تین روزہ کیمپ اگست کے پہلے ہفتے میں منعقد کیاگیااور اس میں 41طلبہ نے حصہ لیا جن میں 17 طالبات بھی شامل تھیں۔پولیس کے مطابق لڑکیوں کو آڈیٹوریم سے باہر نکال کر ان کے ساتھ جنسی زیادتی کی گئی۔طالبات کو سکول آڈیٹوریم کی پہلی منزل پرجبکہ طلبہ کو گرانڈ فلور پررکھاگیا تھا اور کوئی ٹیچر انکی نگرانی کے لیے وہاں موجود نہیں تھا ۔ملزمان پر پروٹیکشن آف چلڈرن اگینسٹ سیکسول آفنس ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کیا گیا ہے۔کرشنا گری ڈسٹرکٹ چائلڈ ویلفیئر کمیٹی کے ایک سینئر عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ سکول انتظامیہ اور کیمپ کے منتظمین کے خلاف کارروائی شروع کرد ی گئی ہے۔