ممبئی (نیوز ڈیسک) بھارت میں عالمی وباءکورونا وائرس ایک بار پھر سر اُٹھانے لگی۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت صحت کے جاری کردہ حالیہ اعداد و شمار کے مطابق کوویڈ 19 کے 142 نئے کیس رپورٹ ہوئے ہیں جس کے بعد مجموعی طور پر کورونا کیسز کی تعداد 1 ہزار 9 سو سے تجاوز کر گئی ہے۔ بھارتی وزارت صحت کے مطابق عالمی وباءکے باعث بھارتی ریاست کرناٹک سے تعلق رکھنے والے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد کورونا سے جان کی بازی ہارنے والوں کی تعداد 5 لاکھ 33 ہزار سے زائد ہوگئی ہے، جن میں سے 6 اموات گزشتہ پیر کو ہوئیں۔ وزارت صحت کے تازہ اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ پیر کو وفات پانے والے مریضوں میں سے 5 کا تعلق کیرالہ سے تھا جبکہ ایک شخص اترپردیش کا رہائشی تھا۔ بھارتی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ کورونا سے اموات کی شرح 1.19 فیصد ہے جبکہ وائرس سے صحتیابی کی شرح میں اضافہ ہوا ہے جس کے بعد شرح 98.81 فیصد ہوگئی ہے۔ وزارت صحت نے کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر ملک بھر میں ماسک ایڈوائزری جاری کردی ہے جس کے مطابق تمام بزرگ شہریوں اور ایک سے زائد بیماریوں کے شکار افراد کو ماسک پہنا لازمی قرار دیا ہے۔