نئی دہلی:(مانیٹرنگ ڈیسک ) ایڈیٹرز گلڈ آف انڈیا نے کانگریس رہنما اور رکن پارلیمنٹ راہول گاندھی کو خط لکھا ہے جس میں پریس کی آزادی اور معلومات کے حق کے بارے میں خدشات کو پارلیمنٹ میں اجاگر کرنے کے حوالے سے ان کی حمایت کی درخواست کی گئی ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پارلیمنٹ کے ایوان زیرین لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہول گاندھی کو لکھے گئے خط میں گلڈ نے مختلف قانون سازی کے اقدامات کے ذریعے میڈیا کو ریگولیٹ اور کنٹرول کرنے کی مودی حکومت کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ۔ گلڈ نے خاص طور پر ڈیجیٹل پرسنل ڈیٹا پروٹیکشن ایکٹ، براڈکاسٹ سروسز ریگولیشن بل، پریس اینڈ رجسٹریشن آف پیریڈیکل ایکٹ، اور آئی ٹی رولز 2021 اور 2023 میں ان کے بعد کی ترامیم کا خاص طور پر ذکر کیا۔گلڈ نے لکھا کہ یہ اقدامات اسٹیک ہولڈرز کی مناسب مشاورت اور پارلیمانی جانچ کے بغیر کیے گئے ہیں اور انکا جائز صحافتی سرگرمیوں کو محدود کرنے کے لیے غلط استعمال کیا جا سکتا ہے۔ خطہ میں پریس اور اظہار رائے کی آزادی کے تحفظات کے فقدان پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا۔گلڈ نے راہول گاندھی پر زور دیا کہ وہ ان قانون سازی کے اقدامات پر نئے سرے سے بحث اور مشاورت کے لیے گلڈ کے مطالبے کی حمایت کریں تاکہ آزاد اور خود مختار پریس کے بنیادی اصولوں کی حفاظت یقینی بنائی جاسکے۔ گلڈ نے اپوزیشن کے دیگر رہنماو¿ں کو بھی خط لکھ کر اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے اور ان کی حمایت کی درخواست کی ہے۔