بنگلور(مانیٹرنگ ڈیسک ):بھارتی ریاست کرناٹک میں بی جے پی لیڈر منی کانت راٹھورکو2کروڑ روپے کے چاول چوری کرنے پر گرفتار کرلیاگیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پولیس نے بی جے پی لیڈر کو کلبرگی شاہ پور میں واقع ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ پولیس نے پہلے منی کانت راٹھور کو پوچھ گچھ کے لیے طلب کیاتھا تاہم وہ پیش نہیں ہوئے۔جس کے بعد پولیس نے گھر پر چھاپہ مار کر اسے گرفتار کیامنی کانت کو 6077کوئنٹل چاول کی چوری کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے جن کی مالیت 2کروڑ روپے سے زائد ہے۔ یہ چاول ضلع یادگیر کے ایک سرکاری گودام سے چوری کئے گئے تھے ۔منی کانت راٹھور نے گزشتہ سال کانگریس کے صڈر ملکار جن کھڑگے کے بیٹے پریانک کھڑگے کے خلاف الیکشن لڑاتھا اور وزیر اعلیٰ یوگوی آدتیہ ناتھ سمیت بی جے پی کی اعلیٰ قیادت نے انکی انتخابی مہم چلائی تھی ۔ یہ چاول بھاگیہ اسکیم کے تحت غیر خاندانوں میں تقسیم کئے جانے تھے ۔ اسکیم کے تحت ہر غریب خاندان کو ہر ماہ دس کلو مفت اناج فراہم کیاجاتاہے ۔ بی جے پی لیڈر کے خلاف قتل ،اقدام قتل اورغیر قانونی ہتھیار رکھنے جیسے متعدد مجرمانہ مقدمات بھی درج ہیں ۔