نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں حزب اختلاف کی بڑی جماعت کانگریس نے ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی اوربے روزگاری پر مودی حکومت کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی غریبوں سے کھانا چھین کر اپنے دوستوں کو دے رہے ہیں ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کانگریس نے آج ٹوئٹ میں کہاہے کہ مودی حکومت مہنگائی کا چابک عوام پر چلارہی ہے اور غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین کر اپنے دوستوں کو نواز رہی ہے ۔ٹویٹ میں بھارت میں اشیائے خورد و نوش کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کاحوالہ دیتے ہوئے کہاگیاہے کہ مودی کے دور حکومت میں بھارت میں کھانے پینے کی اشیا کی قیمتوںمیں 8.68فیصد اضافہ ہوا ہے جبکہ دالیں 21.64فیصد اور سبزیاں 38.76فیصد مہنگی ہوئی ہیں ۔ٹویٹ کے مطابق بھارت میں مہنگائی کی شرح نے ایک سال چار ماہ کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور ہر چیز کی قیمتوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ اس دوران پیار کی قیمتوں میں 93.35فیصد ،آلو 66.37فیصد اور پھلوں کی قیمتوں میں 10.14فیصد اضافہ ہوا ہے۔کانگریس پارٹی نے کہاکہ نریندر مودی کو غریبوں کی تکلیف کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔ وہ غریبوں کے منہ سے نوالہ چھین رہے ہیں اور اپنے امیر دوستوں کو کھلا رہے ہیں۔