نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )امریکہ نے بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کے دورہ روس پرسخت ردعمل ظاہر کیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارت میں امریکی سفیر ایرک گارسیٹی نے ڈیفینس نیوز کنکلیو میں اسٹریٹیجک خودمختاری کے موضوع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کوامریکا سے تعلقات کو حقیر نہیں سمجھنا چاہیے ۔انہوں نے کہاکہ بھارت امریکا تعلقات اگرچہ پہلے سے زیادہ بہتر ہیں لیکن اتنے بھی مضبوط نہیں ہیں کہ عالمی تنازعات کے دوران امریکا کو حقیر سمجھا جائے۔امریکی سفیر نے بالواسطہ طور پر نریندرمودی کے دورہ ماسکو کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ اس دورے کے نتائج توقع سے کم خاطر خواہ رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ امریکہ انڈیا مضبوط دوطرفہ تعلقات کو نظر انداز یاحقیرنہیں سمجھا جانا چاہیے۔انہوں نے کہاکہ یوکرین میں روس کے اقدامات پر کھل کر تنقید نہ کرنے کے بھارت کے فیصلے پر ماسکو کے خلاف متفقہ موقف اختیار کرنے والے مغربی ممالک نے بھی تشویش کا اظہار کیا ہے ۔امریکی سفیر نے کہاکہ نریندر مودی نے واضح طور پر کیف میں بچوں کے ہسپتال پر روسی میزائل حملے کا ذکر نہیں کیا تاہم انہوں نے تنازعات کے دوران بچوں کی جانوں کا ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ قول و فعل میں تضاد نہیں ہونا چاہیے ۔ہمیں صرف امن کیلئے کوششیں کرنی چاہیے اس کا ساتھ دینا چاہیے ۔