لکھنو:(مانیٹرنگ ڈیسک ) بھارتی ریاست اتر پردیش کے ضلع ہاتھرس میں ایک مذہبی تقریب کے دوران بھگدڑ مچنے سے 121کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی رپورٹ میں واقعے کے مرکزی کردار بھولے بابا کو کلین چٹ دیدی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق 2جون بروز منگل کوہاتھرس میں بھولے باباکے کا ستسنگ کی تقریب کے دوران بھگڈر مچنے سے 121افراد ہلاک اور بڑی تعداد میں زخمی ہو گئے تھے ۔بھگڈر میں بڑی تعداد میں لوگوں کی ہلاکت کی تحقیقات کیلئے قائم کی گئی ایس آئی ٹی کی رپورٹ میں تقریب کے منتظمین کو بھگڈر میں لوگوں کی ہلاکت کا ذمہ دار قراردیاگیا ہے ۔رپورٹ میں سرکاری افسران کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھائے گئےتاہم رپورٹ میں سورج پال عرف ساکر وشو ہری المعرف بھولے بابا کا بالکل بھی ذکرنہیں کیا گیا ہے جس کی پوجا کیلئے یہ تقریب منعقد کی گئی تھی اور اس کے پیروں سے راکھ اکٹھی کرنے میں جلد بازی کی وجہ سے بھگڈر مچنے سے 121افراد ہلاک اور سینکڑوں کچلے گئے تھے ۔واقعے کے بعد پولیس نے مرکزی ملزم دیو پرکاش مدھوکر سمیت 6 لوگوں کو گرفتار کیا تھا۔ یہ تمام ملزمان ستسنگ آرگنائزنگ کمیٹی کے رکن تھے۔