نئی دلی:(نمائندہ خصوصی )بھارت میں لوک سبھا انتخابات میں مودی سرکار بھاری اکثریت حاصل کرنے میں ناکامی پر خفت مٹانے کے لیے اوچھے ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں متعددفالس فلیگ آپریشنز کے منصوبے اوپر تلے بے نقاب ہو گئے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فالس فلیگ آپریشنز کا مقصد انتخابات میں بھاری اکثریت حاصل کرنا تھا لیکن بھارتی انتخابات کے نتائج میں مودی کو سادہ اکثریت بھی مل سکی اور نریندر مودی کے "اب کی بار، چار سو پار” کے دعوے کومنہ کی کھانی پڑی ۔مودی نے اپنے مذموم مقاصد کے حصول کے لیے اپنی ہی عوام کو نشانہ بنایااور اپنی تقریب حلف برداری کے موقع پر خطے کو عدم استحکام کا شکار کرنے کی کوششوں کا آغازکردیا ۔ حلف برداری کے بعد سے ہی مودی اور اس کے کارندوں نے جموں و کشمیر میں متعدد فالس فلیگ آپریشنز کروائے جن میں ان کے اپنے ہی شہری ہلاک ہوئے۔8 جون کا سامبا سیکٹر میں حملہ ،9 جون کو ضلع ریاسی میں ہندو یاتریوں کی بس پر حملے کی کہانی ،11جون کو جموں و کشمیر کے ضلع کٹھوعہ کے گائوں ہیرا نگر یا 12 جون کوجموں و کشمیر کے کوٹہ ٹاپ چیک پوسٹ ضلع ڈوڈہ پر ہونے والا کوئی بھی فالس فلیگ آپریشن ہو مودی اور بھارتی میڈیا کی جانب ان تمام فالس فلیگ آپریشنز کے الزامات پاکستان کے سر تھوپنا ایک معمول بن چکا ہے ۔ ماضی میں بھی بھارت اپنے اندرونی مسائل سے توجہ ہٹانے کیلئے اس طرح کے الزامات پاکستان پر عائد کرچکا ہے جس کی بڑی مثال بالاکوٹ حملہ ہے۔مودی کی جانب سے اندورنی حالات سے نظریں ہٹانے کے لئے 2019 میں پلوامہ ڈرامہ رچایا گیا، مودی نے شرمساری اور جگ ہنسائی سے بچنے کے لئے خود اپنے ہی فوجی جوانوں اور عوام کو اپنے مذموم سیاسی مقاصد کی بھینٹ چڑھا دیا۔مقبوضہ کشمیر میں بھی مودی سرکار کی ظلم و بربریت کی پالیسی کو ووٹرز نے مسترد کردیا۔دفعہ 370کی منسوخی کے بعد شرمساری اور شکست سے بچنے کے لئے حالیہ لوک سبھا الیکشن میں بی جے پی کے کسی بھی نمائندے نے مقبوضہ کشمیر کی تینوں نشستوں میں حصہ ہی نہیں لیا۔ نیشنل کانفرنس اور پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی بھی کشمیر میں بری طرح ناکام رہی۔بارہمولہ سیٹ پر مودی کی جانب سے دہشتگردی کے جھوٹے الزام میں پابند سلاسل آزاد امیدوار شیخ عبدالرشید کی جیت نے مودی کے ہندوتوا بیانیے کو مسترد کر دیا ۔حالیہ فالس فلیگ آپریشنز اس بات کا ثبوت ہیں کہ مودی بھارتی عوام پر اپنا اثر و رسوخ کھو رہا ہے جس کے باعث وہ شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے۔مودی اپنی کمزور حکومت سے توجہ ہٹانے کیلئے اس قدر سنگدل ہو چکا ہے کہ وہ اپنے ہی شہریوں کو قتل کرکے اپنے سیاسی فائدے حاصل کررہا ہے۔ زرائع کے مطابق مستقبل میں بھی مودی سرکار اپنی ناکامیاں چھپانے کے لیے اس قسم کے مزید نام نہاد فالس فلیگ آپریشنز کا ڈرامہ کر سکتا ہے۔