امپھال(مانیٹرنگ ڈیسک ):شورش زدہ بھارتی ریاست منی پور کے ضلع جیریبام میں شرپسندوں نے بوروبکرا سب ڈویژن میں کئی گھروں کو آگ لگا دی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ضلع جیریبام کی بوروبکرا سب ڈویژن کے دور افتادہ علاقے بھوٹان کھال میںنامعلوم افراد نے متعد د گھروں کو آگ لگانے کے علاوہ کئی دھماکے بھی کئے ہیں ۔59سالہ کسان سوئیبم سرت کمار سنگھ کے قتل کے بعد 6 جون سے ضلع میں پرتشددواقعات جاری ہیں۔ بوروبکرا سب ڈویژن کے دیہات لامٹائی کھن، مادھو پور، لاکوپنگ کی رہائشی میتی برادری کے تقریبا ایک ہزارلوگوں نے جیریبام شہر میں قائم سات کیمپوں میں پناہ لے رکھی ہے۔ریاست آسام سے ملحقہ جیریبام کے تقریبا 600ہمار،کوکی اورزومی قبائلی باشندوں نے ہمسایہ ریاست کے ضلع کاچھر میں پناہ لے رکھی ہے۔ضلع میں سیکورٹی کے انتظامات سخت کر دئے گئے ہیں اور بھارتی پیراملٹری سی آر پی ایف کی چھ کمپنیاں، آسام رائفلز کی دس کمپنیاں اور ریاستی پولیس اور ولیج ڈیفنس فورس کو علاقے میں تعینات کیا گیا ہے جبکہ ضلع بھر میں دفعہ 144 بھی نافذ ہے۔