نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )
بھارت میں حالیہ لوک سبھا انتخابات میں بی جے پی کو بلند و بانگ دعووﺅں کے برعکس کم نشستوں پر ہی اکتفا کرنا پڑا ہے ۔ اتحادی جماعتوں کی طرف سے لوک سبھا کے اسپیکر ،ڈپٹی اسپیکر سمیت اہم وزارتوں کے مطالبے کے بعد حکومت سازی کیلئے مودی کی مشکلات میں اضافہ ہوگیاہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی کی اتحادی چار جماعتوں نے حکومت سازی میں ساتھ دینے کیلئے لوک سبھا کے سپیکر، ڈپٹی سپیکر، مالیات، داخلہ، خارجہ ، ترقیات اور مواصلات سمیت کئی اہم وزارتوں کا مطالبہ کیاہے۔مودی کو وزیراعظم بننے کیلئے نہ صرف اتحادیوں پر انحصار کرنا پڑے گابلکہ ان کی ہر بات بھی ماننا پڑےگی۔ تیلگو دیشم پارٹی نے جس نے انتخابات میں 16 نشستیں جیتی ہیں، کے سربراہ این چندر بابو نائیڈو نے بی جے پی سے سپیکر، تعلیم اور مالیات سمیت 9 بڑی وزارتوں کا مطالبہ کیاہے۔ بی جے پی کی ایک اور اتحادی جماعت جنتادل یونائٹیڈ نے12 نشستوں پر کامیابی کے بعد مودی سے چار اہم وزارتیں مانگ لی ہیں۔دیگر اتحادی جماعتوں شیوسینا اور لوک جن شکتی پارٹی نے بھی بی جی سے اہم وزارتوں کا مطالبہ کیاہے۔