نئی دہلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )سابق بھارتی وزیر اعظم اور کانگریس کے سینئر رہنما من موہن سنگھ نے کہا ہے کہ نریندر مودی نے اپنی تفرقہ انگیز گفتگو کے ذریعے وزیر اعظم کے عہدے کے وقار کو مجروح کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق من موہن سنگھ نے یکم جون (ہفتہ) کو ہونے والے لوک سبھا انتخابات کے ساتویں مرحلے سے پہلے ووٹروں کے نام اپنے ایک پیغام میں کہا کہ مودی نے نفرت انگیز تقاریر کو سب سے زیادہ شیطانی شکل دی ہے، ان کی تقاریر خالصتاً تفرقہ انگیز نوعیت کی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ مودی پہلے وزیر اعظم ہیں جنہوںنے اپنی عوامی گفتگو کے ذریعے وزیر اعظم کے وقار کو کم کیا ہے۔ انہوں نے اگنی ویر سکیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی سمجھتی ہے کہ حب الوطنی، بہادری اور خدمت کی قیمت صرف چار سال ہے یہ ان کی جعلی قوم پرستی کو ظاہر کرتا ہے۔سابق وزیر اعظم نے پیغام کے آخر میں لوگوں سے اپیل کی کہ وہ غیر انسانی بیانیہ رکھنے اور اختلاف کو ہوا دینے والی قوتوںکو مسترد کریں اور ایک ایسی حکومت کا انتخاب کریں جو جمہوریت و آئین پر یقین رکھتی ہو۔