دیوگھر(مانیٹرنگ ڈیسک ):بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے کہاہے کہ گزشتہ دس سال میں وزیر اعظم نریندر مود نے قبائلیوں، دلتوں، پسماندہ طبقوں اور غریبوں کی ہر قدم پر بے عزتی کی ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نیجھارکھنڈ کے علاقے دیوگھر میں ایک جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہندوستان میں ایک ہی قبائلی وزیر اعلی ہیمنت سورین برسر اقتدارتھے اور لوک سبھا انتخاب سے قبل انھیں بھی جیل میں قید کر دیاگیا۔ انہوں نے کہاکہ مودی حکومت سے اس کا بدلہ جھارکھنڈ کے عوام ضرور لیں گے۔ انھوں نے مزید کہا کہ شہید بابری مسجد کے مقام پر تعمیر کئے گئے رام مندر کی افتتاحی تقریب میں صدردروپدی مرمو کو بھی مدعو نہیں کیا گیا کیونکہ وہ قبائلی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پارلیمنٹ ہائوس کی نئی عمارت کے سنگ بنیاد کے وقت رام ناتھ کووند کو بھی نہیں بلایا گیا۔جس سے مودی حکومت کی دلتوں سے نفرت ظاہر ہوتی ہے۔ملکار جن کھڑگے نے کہا کہ گزشتہ دس سال میں وزیر اعظم مودی نے بھارت کا جل-جنگل اورزمین سب کچھ اپنے بیس پچیس ارب پتی دوستوں کو دے دیاہے۔انہوں نے مزیدکہاکہ مودی جی بھارت کی زیر ملکیت بڑے بڑے اداروں اور اسکے اثاثہ جات کو ایک ایک کر کے فروخت کر رہے ہیں۔ کانگریس صدر نے مزید کہا کہ وزیر اعظم مودی حزب اختلاف کے خلاف انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ ، محکمہ انکم ٹیکس اور سی بی آئی کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج ملک میں ہر طرف ‘بی جے پی، ہماری ماٹی چھوڑو’ کی آواز بلند ہو رہی ہے۔