نیو یارک ( نیٹ نیوز) عالمی برادری کی جانب سے شدید عالمی دباوکے بعد مودی حکومت نے کینیڈا میں قتل ہونے والے سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کے کیس میں تعاون پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق نیو یارک میں بھارتی وزیرِ خارجہ سبرا منیم جے شنکر نے اپنے بیان میں کہا کہ کوئی حکومت انہیں ہردیپ سنگھ نجر قتل کے حوالے سے ٹھوس چیز فراہم کرے تو وہ یقینی طور پر اس کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کینیڈین حکومت کو منظم جرائم کی قیادت سے متعلق معلومات دی گئی ہیں۔واضح رہے کہ کینیڈین وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے پارلیمنٹ میں کھڑے ہو کر الزام عائد کیا تھا کہ ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں بھارتی خفیہ ایجنسی ’را‘ ملوث ہے۔اس معاملے پر کینیڈین حکومت نے بھارتی خفیہ ایجنسی راکے سربراہ کو ملک بدر کر دیا تھا جس کے جواب میں بھارت نے سبکی مٹانے کے لیے سینیئر کینیڈین سفارت کار کو بھی کینیڈا چھوڑنے کا حکم دیا تھا۔