نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )
بھارتی سپریم کورٹ نے نیوز کلک کے بانی اور چیف ایڈیٹر پربیر پورکیاستا کی گرفتاری اورانکے ریمانڈ کو غیر قانونی قراردیتے ہوئے انکی رہائی کا حکم دیا ہے ۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جسٹس بی آر گوائی اور سندیپ مہتا پر مشتمل بھارتی سپریم کورٹ نے نیوز کلک کے بانی پربیر پورکیاستا کے خلاف کالے قانون یو اے پی اے کے تحت درج مقدمے کی سماعت کی ۔ دوران سماعت سپریم کورٹ نے نوٹ کیاکہ گزشتہ سال4اکتوبر کو ریمانڈ آرڈر پاس کرنے سے پہلے اپیل کنندہ یا اس کے وکیل کو ریمانڈ کی درخواست کی کاپی فراہم نہیں کی گئی تھی۔ سپریم کورٹ نے نیوزکلک کے بانی کی کالے قانون کے تحت گرفتاری اور مقدمے میں اس کے بعد کے ریمانڈ کو کالعدم قرار دیتے ہوئے رہائی کا حکم جاری کیا۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اکتوبر کوسی بی آئی نے نیوز کلک کے خلاف فارن کنٹری بیوشن ریگولیشن ایکٹ کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف چائناسے مبینہ پروپیگنڈے کیلئے غیرملکی فنڈنگ حاصل کرنے کا مقدمہ درج کیاتھا۔دس اکتوبر کو دلی کی پٹیالہ ہائوس کورٹ نے نیوز کلک کے بانی اور چیف ایڈیٹر پربیر پورکیاستا اور ایچ آر ہیڈ امیت چکر وتی کو دس روزہ عدالتی ریمانڈ پر دیدیا تھا، جنہیں تین اکتوبر کوگرفتار کیاگیاتھا۔