نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں کانگریس پارٹی کی سینئر لیڈر سونیا گاندھی نے مودی حکومت پرکڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ مودی حکومت نے سیاسی فائدے کے لیے بھارت کو نفرت کی آگ میں جھونک دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق سونیا گاندھی نے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ وزیراعظم نریندر مودی بھارت میں بدامنی اور نفرت ہوادے رہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ حکمران بی جے پی نے ہر قیمت پر اقتدارکے حصول کیلئے نوجوانوں میں بے روزگاری، خواتین کے خلاف جرائم اور دلتوں، قبائلیوں اور اقلیتوں کے ساتھ امتیازی سلوک میں اورانکے خلاف نفرت میں اضافہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ آج بھارت بھر میں نوجوانوں کو بے روزگاری ، خواتین کو مظالم اور دلتوں، قبائلیوں، پسماندہ طبقات اور اقلیتوں کو خوفناک امتیازی سلوک کا سامنا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ بی جے پی حکومت نے سیاسی فائدے کے لیے بھارت کو نفرت کی آگ میں جھونک دیا ہے ۔انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ الیکشن میں جھوٹ اور نفرت کے حامیوں کو مستردکریں اور ایک روشن اور زیادہ مساوی مستقبل کے لیے کانگریس کو ووٹ دیں۔