حیدرآباد:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت میں آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی طرف سے مسلمانوں کوباربار غیرمہذب حملوں کا نشانہ بنانے اور مسلمانوں کو درانداز’قراردینے کی شدیدمذمت کی ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اسدالدین اویسی نے حیدرآباد میں ایک انتخابی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نریندر مودی نے مسلمانوں کے بارے میں سنگین غلط فہمیاں پیداکرنے کی کوشش کی ہے۔انہوں نے کہا کہ 130کروڑلوگوں کے ملک کووزیراعظم سے اس طرح کے بیانات کی امیدنہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ ‘درانداز’یا’ مسلم خواتین زیادہ بچے پیدا کرتی ہیں’جیسے الفاظ کااستعمال نریندر مودی کے عہدے کوزیب نہیں دیتا۔انہوں نے مسلمانوں پر ہندوخواتین کے’منگل سوتر’چھینے جانے کے الزامات پروزیراعظم نریندرمودی کی مذمت کی ۔ اسد الدین اویسی نے کہاکہ نریندر مودی سیاسی فائدے کیلئے ہندوئوں میں یہ کہہ کر خوف کا ماحول پیدا کرنا چاہتے ہیں کہ اگر کانگریس اقتدارمیں آئی تووہ ہندوخواتین سے منگل سوترچھین لیں گے اورمسلمانوں میں پیسہ،سونا اورجائیدادبانٹ دیں گے؟انہوں نے نریندر مودی سے سوال کیاکہ وہ مسلمانوں کو کیوں در انداز سمجھتے ہیں اور آپ کو کیوں لگتاہے کہ ملک کے مسلمان ہندوبہنوں سے منگل سوترچھین لیں گے۔ اسدالدین اویسی نے نریندر سے کہاکہ وہ بولنے سے پہلے تھوڑا سوچ لیاکریں یہ سب باتیں آپ کے عہدے کو زیب نہیں دیتی۔