شولاپور:(نیوزڈیسک )
بھارت میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدر شرد پوار نے کہاہے کہ بی جے پی نے ملک اور جمہوریت کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق شردپوار نے ریاست مہاراشٹر کے شہر شولا پور میں ایک جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ملک اس وقت آمریت کی زد میں ہے اور حکومت کے خلاف بولنے والے جیلوں میں بند ہیں۔انہوں نے کہاکہ گزشتہ تین سال سے مقامی خود مختار اداروں میں انتخابات نہیں ہوئے اور اگر بی جے پی دوبارہ اقتدار میں آگئی تو اسمبلی اورپارلیمنٹ کے انتخابات بھی نہیں ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں جمہوریت کو بچانا ہے تو بی جے پی کو باہر کا راستہ دکھانا ضروری ہے۔ شرد پوار نے کہا کہ جھارکھنڈ اور دہلی کے وزرائے اعلیٰ اچھے کام کر رہے تھے اور انہیں جیل میں ڈال دیاگیا۔انہوں نے کہاکہ یہ ایک آمرانہ حکومت ہے اوراگر جمہوریت کو زندہ رکھنا ہے تو بی جے پی کو باہر کا راستہ دکھانا ہوگا۔