نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )نئی دلی کی ایک عدالت نے شراب گھوٹالہ کیس میں گرفتار دلی کے وزیر اعلیٰ اروند کیجریوال کو یکم اپریل تک تحقیقاتی ادارے انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کی تحویل میں دے دیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دلی راز ایونیو کورٹ کی خصوصی جج کاویری باویجا نے اروند کیجریوال کوای ڈی کی طرف سے 7دن کیلئے تحویل میں دینے کی درخواست پر یکم اپریل تک ای ڈی کی تحویل میں بھیج دیا۔سماعت کے دوران ای ڈی کے وکیل اے ایس جی ایس وی راجو نے عدالت کو بتایاکہ کیجریوال تحقیقات میں تعاون نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ ادارے کے پاس ثابت موجود ہیں کہ عام آدمی پارٹی نے رشوت لی اور اس رقم کا استعمال گوا کے انتخابات میں کیاگیا۔ کیجریوال نے عدالت کو بتایاکہ ان کی گرفتاری سیاسی سازش ہے اور عوام اس کا منہ توڑ جواب دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ای ڈی عام آدمی پارٹی کو ختم کرناچاہتی ہے۔سماعت کے دوران اروند کیجریوال کی اہلیہ سنیتا کیجریوال اور ان کا بیٹا بھی کمرہ عدالت میں موجود تھے۔