لندن:انسانی حقوق کی عالمی تنظیم” ایمنسٹی انٹرنیشنل “نے نریندر مودی کی زیر قیادت بھارتی حکومت کیطرف سے حقوق کے محافظوں، صحافیوں، اختلاف رائے رکھنے والوں اور سیاسی مخالفین کے خلاف بڑھتے ہوئے کریک ڈاﺅن پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل بھارتی امور کے سربراہ آکار پٹیل Aakar Patelنے دہلی کے وزیر اعلیٰ اور عام آدمی پارٹی کے سربراہ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور انڈین نیشنل کانگریس کے بینک اکاونٹس منجمد کرنے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اختلاف رائے رکھنے والوں اور حزب اختلاف کی جماعتوں کے خلاف جے پی حکومت کا کریک ڈاﺅن سنگین شکل اختیار کر گیا ہے۔انہوں نے ایمنسٹی انٹرنیشنل کی ویب سائٹ پر پوسٹ ایک بیان میں کہا کہ حکام نے انسانی حقوق کے محافظوں، کارکنوں، ناقدین، غیر منافع بخش تنظیموں، صحافیوں، طلبائ، ماہرین تعلیم اور سیاسی مخالفین کے خلاف منظم طریقے سے کریک ڈاون کے لیے متعدد مالیاتی اور دہشت گردی کے قوانین کا بار بار غلط اور بے جا استعمال کیا۔ انہوںنے اپنے بیان میں کہا کہ اروند کیجریوال کی گرفتاری اور عام انتخابات سے چند ہفتے قبل انڈین نیشنل کانگریس کے بینک اکاونٹس کو منجمد کرنا اس بات کو ظاہر کرتا ہے کہ حکام انسانی حقوق کی بین الاقوامی ذمہ داریوں کو نبھانے میں صریح ناکام رہے ہیں ۔بیان میں کہا گیا کہ یہ بات مشاہدے میں آرہی ہے کہ بلاجواز گرفتاریوں ، غیر قانونی نگرانی اور مذہبی اقلیتیوں کو امتیازی سلوک کا نشانہ بنانے کیلئے مرکزی تفتیشی ایجنسیوں کا غلط استعمال کیا جا رہا ہے۔انہوں نے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ انسانی حقوق کے محافظوں، کارکنوں اور سیاسی مخالفین سمیت ملک میں ہر ایک کے انسانی حقوق کا احترام، تحفظ اورفروغ یقینی بنائے۔