عمان ( نیوز ڈیسک )اردن کے دارالحکومت عمان کے پرنس حمزہ اسپتال کے نیورو سرجری کے شعبے میں اردنی ڈاکٹروں نے بیس سال کے ایک مریض کے لیے بغیر جنرل اینستھیزیا کے برین ٹیومر ہٹانے کا آپریشن کیا۔ بے ہوش کئے بغیر کسی مریض کے برین ٹیومر کی سرجری اردن میں اپنی نوعیت کا پہلا واقعہ ہے۔اسپتال کے نیورو سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر محمد طراونہ نے العربیہ ڈاٹ نیٹ کو بتایا کہ آپریشن میں 6 گھنٹے لگے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مریض مکمل طور پر بیدار تھا اور اسے بار بار چھینک آتی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ مریض کو بیدار رکھنے کا مقصد اسے آپریشن کے دوران کچھ کام کرنے کی ہدایت کرنا ہے تاکہ ٹیومر کی جگہ کے قریب حساس افعال کی حفاظت کو یقینی بنایا جا سکے۔ جب کہ مریض آپریشن کے وسط میں اپنے اہل خانہ کے ساتھ ایک ویڈیو کال کررہا تھا تاکہ اسے اہل خانہ کی طرف سے حوصلہ ملتا رہے۔ طراونہ نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ اس قسم کے آپریشن کا استعمال ایسے مریضوں کے علاج کے لیے کیا جاتا ہے جو دماغ کے حساس مراکز جیسے کہ گفتگو اور ادراک کے مرکز کے قریب ٹیومر کا شکار ہوتے ہیں۔انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ان آپریشنوں کا مقصد مریض کو بیدار رکھنا اور طبی ٹیم کے ساتھ تعاون کرنے کے قابل بنانا ہے۔ دماغی رسولی کو ہٹانے کے دوران ان سے مسلسل بات کرتے رہنا تاکہ اسے بولنے یا زبان کی سمجھ میں کمی جیسی پیچیدگیوں کا سامنا نہ ہو۔ پرنس حمزہ اسپتال میں نیورو سرجری کے شعبے کے سربراہ ڈاکٹر محمد الطراونہ، دماغ کے رسولی کے سرجری کے ماہر عبدالحلیم عبدہ، نیورو سرجری کے ماہرین ڈاکٹر حسام اناسوا اور ڈاکٹر مصطفی الوریقات کے علاوہ آپریٹنگ نرس حمزہ القرنا نے آپریشن میں حصہ لیا.