کراچی ( رپورٹ : مرزا افتخار بیگ)فلم ساز سید نور نے ماضی کی اپنی مقبول پنجابی فلم چوڑیاں کا ریمیک بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی اہلیہ صائمہ نور اس کی ہدایت کاری دیں گی۔سوشل میڈیا پر وائرل مختصر ویڈیو میں سید نور نے صحافی کو بتایا کہ مداحوں کی پر زور فرمائش پر ماضی کی مقبول فلم کا ریمیک بنانے کا فیصلہ کیا گیا۔انہوں نے تصدیق کی کہ نئی فلم میں کوئی بھی پرانی کاسٹ نہیں ہوگی، البتہ نئی فلم کے کردار وہی پرانے رکھے جائیں گے لیکن تمام کاسٹ نئی ہوگی۔ان کے مطابق اگر پرانی کاسٹ کو لے کر نئی فلم بنائی جائے گی تو کوئی بھی اسے پسند نہیں کرے گا، اس لیے نئے اداکاروں کے ساتھ فلم بنائی جائے گی۔سید نور کے مطابق جس وقت چوڑیاں بنی تھی تب معمر رانا اور صائمہ اپنے ترنگ میں تھے، اس لیے ان کی محبت بھی فطری لگ رہی تھی لیکن انہیں کاسٹ کیا جائے گا تو مزہ نہیں آئے گا۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کہ نئی چوڑیاں کی ہدایت کاری صائمہ نور دیں گی جب کہ وہ فلم کی کہانی لکھنے سمیت اسے پروڈیوس کریں گے۔انہوں نے یہ واضح نہیں کیا کہ کب تک چوڑیاں کا ریمیک بنایا جائے گا، تاہم امکان ہے کہ ایک سال کے اندر نئی فلم کی شوٹنگ شروع کردی جائے گی اور ممکنہ طور پر فلم 2026 کے آغاز تک سامنے آئے گی۔پہلی چوڑیاں فلم 1998 میں ریلیز کی گئی تھی، جس میں صائمہ، معمر رانا، نرگس اور شفقت چیمہ سمیت دیگر نے اداکاری کی تھی اور اس کا شمار اس وقت کی کامیاب ترین فلموں میں ہوتا ہے۔یہ بھی واضح نہیں ہے کہ نئی چوڑیاں فلم بھی پنجابی میں ہی بنائی جائے گی یا اسے اردو میں بنایا جائے گا۔چوڑیاں اب تک کی دوسری پاکستانی فلم ہوگی، جس کا ریمیک بنے گا، اس سے قبل دی لیجنڈ آف مولا جٹ پرانی مقبول فلم مولا جٹ کا ریمیک تھی۔