کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان کی مشہور گلوکارہ اور روح پرور آواز کی مالک آئمہ بیگ اسپاٹیفائی کے ایکول پروگرام کے تحت ماہ جون کی ایکول ایمبیسڈر منتخب ہوگئی ہیں۔دیگر ایکول ایمبیسڈرز کی طرح آئمہ بیگ بھی نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر جلوہ گر ہوئی ہیں۔ اس سلسلے میں ان کا گیت ‘اے زندگی’ اسپاٹیفائی کی ایکول پاکستان پلے لسٹ میں قابل ذکر انداز سے شامل کیا گیا ہے۔
آئمہ بیگ نے 2016 میں اپنے میوزک کیریئر کا آغاز کیا تھا اور اس کے بعد سے وہ ملک کی نہایت مشہور پلے بیک سنگر بن گئیں۔ انہوں نے حکومت پاکستان کی جانب سے تمغہ فخر امتیاز سمیت متعدد اعزازات اپنے نام کرنے کے ساتھ ساتھ عالمی سطح پر اپنی پہچان بنائی ہے اور انکے پرستاروں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے۔ اپنی مسحور کن آواز، روح پرور میوزک کی تخلیق اور درست وقت پر سُروں کو چھیڑنے کی خاص صلاحیت نے انہیں اپنے میوزک کیرئیر کی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے۔ انہوں نے عاصم اظہر، علی ظفر، علی سیٹھی اور ساحر علی بگا جیسے معروف موسیقاروں کے ساتھ بھی کام کیا ہے۔
آئمہ بیگ کے گیت متعدد فلموں کا بھی حصہ بن چکے ہیں جن ‘میں لاہور سے آگے ‘،’نامعلوم افراد ‘2، ‘طیفا ان ٹربل ‘اور ‘جوانی پھر نہیں آنی 2 ‘شامل ہیں۔