کراچی (مرزاافتخار بیگ): بین الاقوامی ایوارڈ یافتہ مقبول فلم "امریکی نش”، جس میں معروف پاکستانی امریکی فنکارہ آئزہ فاطمہ نے مرکزی کردار ادا کیا ہے، 18 اپریل 2025 کو پاکستان کے تمام شہروں میں سینما گھروں کی زینت بنے گی۔ اس فلم کی ہدایتکاری ایمان زوہری نے کی ہے جبکہ اسے پاکستان میں آئی ایم جی سی کے پلیٹ فارم سے ریلیز کیا جا رہا ہے ۔”امریکی نش” ایک رومانوی کامیڈی ہے جو تین پاکستانی امریکی خواتین کی کہانی بیان کرتی ہے جو نیو یارک کے جیکسن ہائٹس میں پیار و محبت، شناخت، ثقافت اور کیریئر کے مسائل سے نبرد آزما ہیں۔ فلم امریکہ میں جنوبی ایشیائی مسلم خواتین کی زندگیوں کے مسائل کو حقیقی انداز میں پیش کرتی ہے. "امریکی نش” کو امریکہ میں سونی انٹرنیشنل ریلیز کیا گیا جہاں اس نے بین الاقوامی سطح پر پذیرائی حاصل کی اور اب یہ پاکستان میں ڈسٹری بیوشن کلب کے تحت ریلیز ہو رہی ہے۔”امریکی نش” اب تک 25 عالمی فلمی ایوارڈز جیت چکی ہے اور اسے نیو یارک ٹائمز، این پی آر، گارڈین اور بی بی سی وومن کے ذریعہ سراہا گیا ہےفلم کی لیڈ فنکارہ آئزہ فاطمہ، جو کہ ایک معروف فلم ساز، اداکارہ اور سابقہ گوگل انجینئر ہیں،فلم کی ریلیز اور تشہیر کیلئے 11 اپریل سے 22 اپریل تک پاکستان موجود میں ہوں گی۔ وہ کراچی میں 17 اپریل تک موجود رہیں گی اور اس دوران فلم کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور میڈیا میں شرکت کریں گی۔