کراچی ( اسٹا ف رپورٹر) پاکستانی گلوکارہ عابدہ حسین نے پہلی بار سعودی عرب کے شہر جدہ میں پرفارمنس کرنے والی خاتون گلوکارہ کا اعزاز حاصل کرلیا ۔ ان کی لائیو پرفارمنس سے شائقین جھوم اٹھے ۔ان کے ساتھ کیفی خلیل اور مقامی گلوکار سلیم رفیق نے گیت پیش کئے۔عابدہ حسین نے اپنی گائیکی اور صوفیانہ کلام سے سننے والوں کے دل جیت لئے اور تقریب کو یادگار بنا دیا۔پاکستان کے نامور نوجوان گلوکار کیفی خلیل نے سعودی عرب میں پہلی دفعہ اپنے خوبصورت اور مشہور گیتوں سے دھوم مچا دی پاکستانیوں کی بڑی تعداد نےشرکت کر کے محفل کو خوبصورت بنا دیا۔کیفی خلیل کے ریکارڈ یافتہ گیت "کہانی سنو ” نے سماں باندھ دیا تمام حاضرین محفل نے ان کے ساتھ مل کر اس گیت کو گایا ۔ مذکورہ پروگرام نوشین آرٹ کلچر ل سینٹر کے تحت پاکستانیوں کے اہل خانہ کے ہمراہ اپنی پہلی سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا گیا ۔پروگرام کی آرگنائزر نوشین وسیم کا کہنا تھا کہ ہماری ہمیشہ یہ کوشش رہی ہے کہ سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کے لیے اچھا تفریح ماحول فراہم کیا جائے اور سعودی عرب میں پاکستانی کلچر فروغ پا سکے آخر میں سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔اس موقع پر عابدہ حسین نے کہا کہ یہ میرے لئے بڑے اعزاز کی بات ہے کہ میں نے سعودی عرب میں پہلی پاکستانی خاتون گلوکارہ ہونے کا اعزاز حاصل کیا اور پرفارم کیا ہے میڈم نور جہاں کو بھی خراج تحسین پیش کرکےان کے گائے ہوئے گیتوں کو گا کر جو دلی مسرت ملتی ہے ۔ان کو الفاظوں میں بیان کرنے سے قاصر ہوں۔